Breaking

Thursday, 24 September 2020

وزن کم کرنے والی غذائیں۔

 

غذا کا بنیادی کام جسم کو توانائی فراہم کرنا ہے،لیکن ہمارے یہاں بیشتر افراد غذا محض مزہ حاصل کرنے اور پیٹ بھرنے کے لیے کھاتے ہیں۔اس کے برعکس صحت کو قیمتی اثاثہ تصور کرنے والے افراد کی سوچ مختلف ہوتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسی غذائیں کھانی چاہییں،جو صحت بخش ہوں۔یہ سوچ درحقیقت اس بات کو واضح کرتی ہے کہ وہ غذائیں اجزاء کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں،اسی لیے کہا جاتاہے کہ آپ جو بھی غذا کھائیں،مفید کھائیں،یعنی ایسی غذا جو توانائی پہنچانے کے ساتھ ساتھ آپ کی صحت پر بھی اچھے اثرات مرتب کرے۔


بغیر سوچے سمجھے بے تحاشا ،بے وقت اور بے موقع کھانے سے آپ کو کئی بیماریاں گھیر لیتی ہیں،جن میں موٹاپا سر فہرست ہے،جو دوسری بیماریوں کا سبب بنتاہے۔

آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ یہ غذائیں اگر خوب سوچ سمجھ کر منتخب کی جائیں اور درست طریقے سے درست وقت پر کھائی جائیں تو موٹاپا کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ذیل میں آپ کو چند ایسی ہی مفید غذاؤں کے بارے میں بتایا جارہا ہے، جو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وزن گھٹانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

                                   


      پالک

گہرے ہرے پتوں والی یہ سبزی فولاد ،لحمیات (پروٹینز)اور ریشے سے بھر پور ہوتی ہے۔یہ توانائی فراہم کرتی ہے۔اسے کم تیل میں پکا کر کھائیں،مونگ کی دال میں پکا کر اس کا سوپ پییں یا صرف اسی کا سوپ بنا کر پییں۔یہ ہر طرح سے فائدہ مند ہے۔یہ مٹاپے کو کم کرتی ہے۔اگر آپ اسے وزن کم کرنے کی غرض سے کھائیں تو چاول کے ساتھ کھانے سے پرہیز کریں۔


               


                        چنے

بارہ گرام چنوں میں بھی اچھا خاصا ریشہ ہوتاہے۔اس کے علاوہ چنے میں لحمیات کی بھی وافر مقدار ہوتی ہے۔اُبلے ہوئے چنوں میں لیموں اور کالی مرچ ملا کر انھیں خوش ذائقہ اور ہاضم بنا کر بھی کھایا جاسکتا ہے۔

دن بھر میں ایک پیالی اُبلے ہوئے چنے کافی ہیں۔آپ چاہیں تو ان میں اپنی پسندیدہ سبزیاں اور پھل شامل کرکے مزے دار سلاد بھی بنا سکتے ہیں،لیکن ایسی صورت میں چنوں کی مقدار آدھی کرلیں۔ چنے بھی وزن میں کمی کرتے ہیں۔


           جئی

ایک پیالی جئی(OATS) میں پانچ گرام ریشہ پایا جاتاہے،اس لیے یہ آپ کو توانائی فراہم کرتاہے۔ اگر آپ اسے دودھ اور شہد کے ساتھ ناشتے میں کھائیں تو دن بھر تروتازگی محسوس کریں گے۔

اگر آپ کو میٹھا پسند نہیں تو آپ اسے عام دلیے کی طرح نمکین بھی بنا کر کھاسکتے ہیں۔جئی وزن گھٹانے میں آپ کی مدد کرتی ہے۔


          اسٹرابیری

ایک پیالی اسٹرابیری میں صرف سات گرام گلوکوس ہوتی ہے،جب کہ ریشہ تین گرام ہوتاہے۔اسٹرابیری مٹھاس کی ضرورت کو بھی پورا کرتی ہے اور گلوکوس کے باعث توانائی بھی فراہم کرتی ہے۔اس کے علاوہ وزن بھی کم کرتی ہے۔



    چکوترا

وزن کم کرنے کے دوران عموماً پانی کی کمی کی شکایت ہو جاتی ہے،اس لیے وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد اپنی غذا میں چکوترے (گریپ فروٹ)کو شامل کرلیں۔اسے کھانے سے آپ کے جسم میں پانی کی وافر مقدار موجود رہے گی اور آپ کو بھوک بھی کم لگے گی۔اس پھل میں چونکہ حرارے نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں،اس لیے یہ آپ کے جسم میں چربی بننے کے عمل کو روکتاہے اور اس طرح آپ کا وزن نہیں بڑھتا۔



  بندگوبھی

بندگوبھی میں ایک ایسا جزوپایا جاتاہے،جو چینی اور نشاستے کو چربی میں تبدیل نہیں ہونے دیتا۔اگر ایک وقت کے کھانے کی جگہ بندگوبھی کا سوپ پیا جائے یا سلاد بنا کر معمولی سا نمک اور کالی مرچ چھڑک کر کھایا جائے تو وزن میں کمی کے حیرت انگیز نتائج سامنے آتے ہیں۔ آپ چاہیں تو مذکورہ بالا پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ بندگوبھی کو بطور سلاد بھی کھاسکتے ہیں۔


  ٹماٹر

وزن کم کرنے میں ٹماٹر بھی کارگرثابت ہوا ہے۔آپ ٹماٹر صبح ناشتے میں،دوپہر کی سلاد میں یا صرف ٹماٹر پر معمولی سانمک اور کالی مرچ چھڑک کر کھاسکتے ہیں۔ٹماٹر موٹے افراد کے لیے مفید غذاہے۔


    پاپ کارن

عموماً وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد جب باقاعدہ ڈائٹنگ کے منصوبے پر عمل کرتے ہیں تو انھیں ہر دو گھنٹے بعد کچھ نہ کچھ کھانے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ایسے میں فوری طور پر پاپ کارن (POPCORN) میسر ہو سکتے ہیں۔ان میں حراروں(کیلوریز)کی تعداد کافی کم ہوتی ہے۔ان میں نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ)ہوتاہے،جو آپ کو توانائی فراہم کرتاہے۔

پاپ کارن نمک اور مکھن کے بغیر کھانے چاہییں ،تاکہ آپ ان سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر سکیں۔یہ وزن کم کرنے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔

No comments:

Post a Comment