نارنگی کے چھلکے بھی بہت مفید
سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی ٹھیلوں پر نارنگی کا ڈھیر نظر آتا ہے۔نارنگی اپنی خوشبو اور مزے کی بنا پر بہت پسند کی جاتی ہے۔نارنگی کا چھلکا بھی بہت فائدہ مند ہے،مگر ہم اسے بغیر سوچے سمجھے ایک طرف پھینک دیتے ہیں۔ہم آپ کو اس کے فائدوں سے آگاہ کرتے ہیں،تاکہ آپ جب بھی نارنگی کھائیں تو اس کے چھلکوں کو بےکار سمجھ کر کوڑے دان میں نہ پھینکیں۔
نارنگی کا چھلکا مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔نارنگی کے چھلکے کو خشک کرکے پیس لیں اور سفوف بنا لیں،اس کے بعد اسے گرم پانی میں ڈال کر ابال لیں اور پی لیں۔یہ صحت بخش ہوتا ہے اور یہ آپ کو تروتازہ رکھے گا اور توانائی دے گا۔
نارنگی کے چھلکے آپ کی جلد کو شادابی بخشتے ہیں۔پسے ہوئے چھلکوں کو دودھ میں ملا کر چہرے پر لگانے سے جلد کی چمک بڑھ جاتی ہے۔چہرے پر لگایا جانے والا یہ ماسک جلد میں جزب ہوکر مساموں کو اچھی طرح صاف کرتا ہے۔
اگر آپ کے چہرے پر اضافی چکنائی ہے اور آپ اس سے پریشان ہیں تو نارنگی کے چھلکوں کے سفوف میں ایک چمچہ ناریل کا تیل اور ایک چمچہ دودھ ملا کر ماسک تیار کرلیں پھر اس کو چہرے پر لگالیں۔پندرہ منٹ کے بعد چہرے کو دھو لیں۔
اگر آپ کے چہرے پر داغ دھبے ہوں تو دو چمچے نارنگی کے چھلکوں کے سفوف میں ایک چمچہ شہد اور ایک چمچہ دہی ملا لیں پھر اس کو چہرے پر لگا لیں۔جب ماسک خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے چہرہ دھوڈالیں۔یہ عمل کئی بار کرنے سے چہرے کے داغ دھبے دور ہوجائیں گے۔
چہرے پر مہاسے ہونے کی صورت میں دو چمچے نارنگی کے چھلکوں کے سفوف میں ایک چمچہ جئی(OATS)کا آٹا اور ایک چمچہ کھانے کا سوڈا ملا کر تھوڑا سا پانی ڈالیں اور اس آمیزے کو پندرہ منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں۔پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
دو چمچے نارنگی کے چھلکوں کے سفوف میں پانی ملا کر لگدی بنا لیں ۔پھر اسے رات میں بالوں پر لگا کر سو جائیں ۔صبح اٹھ پر بال دھو لیں ۔اس سے بال چمک دار اور نرم و ملائم ہو جائیں گے اور بالوں کی خشکی بھی دور ہوجائے گی۔
نارنگی کے چھلکوں میں چوںکہ ریشہ ہوتا ہے اس لیے انھیں ابال کر چائے کی طرح پیا جائے تو جسم کی اضافی چکنائی جل جاتی ہے۔اگر نارنگی کے چھلکوں کو پابندی سے کھایا جائے تو سرطان ہونے کے امکانات کم ہوجاتےہیں۔
نارنگی کے چھلکوں کو چبایا جائے تو منھ کی بو دور ہوجاتی ہے اور وہ خوشبودارہوجاتاہے۔یہ چھلکے دانتوں میں گڑھے بھی بننے نہیں دیتا۔
نارنگی کے چھلکوں میں ورم اور سوزش دور کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے،انھیں کھانے سے ہاضمہ درست رہتا ہے اور قبض نہیں ہوتی۔آنتوں کی تیزابیت ختم ہوجاتی ہے۔یہ سینے کی جلن بھی دور کرتے ہیں۔
نارنگی کے چھلکے کھانے سے خون میں روانی رہتی ہے۔یہ بلڈپریشر کو بڑھنے نہیں دیتے۔ان سے کولیسٹرول بھی کم ہوجاتاہے۔
سردیوں میں نارنگی کھائیے اور ان کے چھلکے کو ضائع نہ کریں،یہ آپ کے کام آسکتے ہیں۔
No comments:
Post a Comment