سردی کا موسم شروع ہوتے ہی عموماً بچوں کو نزلہ زکام اور کھانسی ہو جاتی ہے ۔بڑے بھی اس سے محفوظ نہیں رہتے ۔ذیل میں کھانسی سے نجات حاصل کرنے کے لئے چند گھریلو نسخے درج کیے جارہے ہیں ،
جن پر عمل کرنے سے فائدہ ہو گا
ادرک
شدید کھانسی کے خاتمے کے لیے ادرک کا رس نکال لیں اور ایک چائے کا چمچہ شہد ملا کر روزانہ صبح ،دوپہر اور شام کھالیں ۔
یہ عمل تین سے پانچ روز تک کریں ۔بلغم کے اخراج کے لیے ادرک کا بہ طور غذا اور دوا دونوں صورتوں میں کھانا مفید ہے ۔کالی ،خشک وتر کھانسی میں ادرک کی چائے بھی بے حد مفید ہے ۔ایک بڑی ادرک کچل کر اسے دو پیالی پانی میں ڈال کر اُبالیں۔بعدازاں اس میں شہد اور لیموں کا رس ملا کر پییں ،انتہائی مجرب نسخہ ہے ،چند روز پینے سے ہر قسم کی کھانسی سے نجات مل جائے گی ۔
بچوں کو کھانسی ہوتو انھیں بھی ادرک کا رس شہد میں ملا کر کھلا دیں۔
سونف
سردیوں میں سینہ جکڑنے کی وجہ سے عموماً آواز بیٹھ جاتی اور شدید کھانسی ہوتی ہے ۔ایسی صورت میں ایک گلاس پانی میں دو چائے کے چمچے سونف ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں ،جب ایک دو اُبال آجائیں تو پانی ٹھنڈا کرکے پی لیں ۔اس میں چینی اور دار چینی بھی شامل کر سکتے ہیں ۔
اسے دن میں دو تین بار پییں
نزلے زکام کے علاج کے لیے ایک تولہ سونف کوٹ کر آدھ کلو پانی میں ڈال کراتنا پکائیں کہ پانی خشک ہو کر آدھا پاؤ کے قریب رہ جائے ۔
ٹھنڈا کرکے حسبِ ذائقہ چینی ملا لیں اور صبح شام پییں ۔کالی کھانسی یادمے کی صورت میں ایک تولہ سونف آدھا کلو پانی میں ڈال کر اُبالیں ۔پانی خشک ہو کر آدھا رہ جائے تو شہد ملا کر مریض کو پلائیں ،چند روز کے علاج کے بعد مکمل شفا ہو جائے گی۔
پانچ گرام سونف،تین سبز الائچی ،دو گرام سونٹھ ،دار چینی دو گرام اور خونجان 20گرام لیں ۔تمام اشیا کو دو کپ پانی میں ڈال کر اچھی طرح اُبالیں ،ٹھنڈا کرکے اس میں ایک چمچہ شہد ملا کر صبح وشام پییں۔
لونگ
کھانسی اور سردی کی وجہ سے بخار ہو جائے تو آٹھ لونگیں دو کلو پانی میں ڈال کر تیز آنچ پر اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہو کر ایک پاؤ کے قریب رہ جائے ۔
اسے چولھے سے اتار کر دو چائے کے چمچے شکر ملا کر چھان لیں اور مریض کو گرم گرم پلائیں ۔اچھی طرح کمبل یا چادر اوڑھا کر لٹا دیں ،پسینا آکر بخار اُتر جائے گا اور سینے میں گرمی پہنچنے کے بعد کھانسی میں بھی کمی ہو جائے گی۔
دار چینی
سردی کے امراض میں اس کا کھانا بہت مفید ہے ۔زکام اور کھانسی سے محفوظ رہنے کے لیے قہوے میں ادرک اور دار چینی ملا کر پییں ۔
دار چینی کا سفوف چائے کے ایک چمچے کے برابر دو پیالی کھولتے ہوئے پانی میں ڈال کربیس منٹ تک ڈھانپ کر دم دیں ۔جب جوش آجائے تو چولھے سے اتار لیں اور اس میں حسب منشا شہد ملا کر پییں ۔اسے دن میں تین مرتبہ ایک ایک پیالی پییں ، کھانسی کے علاج کے لیے بے حدمفیدہے ۔
لہسن
ماضی میں بزرگ خواتین کھانسی اور سینہ جکڑنے کی صورت میں لہسن کے ایک دو جوئے سبز یا سرخ مرچ اور نمک کے ساتھ کھلایا کرتی تھیں ،اس سے بلغم خارج ہو کر سینہ صاف ہو جاتا تھا ،جس کی وجہ سے کھانسی بھی ختم ہو جاتی تھی ۔
دس جوئے لہسن پیس کر شہد میں ملا کر کھانے سے بھی کھانسی ختم ہو جاتی ہے ۔نزلہ زکام اور کھانسی میں روزانہ لہسن کے چار سے آٹھ جوئے کچے کھانا بہت مفید ہے ۔اس کی چائے بنا کر بھی پییں ۔چائے بنانے کے لیے لہسن کے پانچ سے دس جوئے پیس کر ڈیڑھ کپ پانی میں پانچ منٹ تک اُبالیں ،اس کے بعد چھان کر پی لیں ۔ذائقے کو بہتر کرنے کے لیے اس میں تھوڑا سا شہد یا ادرک بھی شامل کرلیں ،بے حد فائدہ مند چائے ہے۔
انگور
اگر شدید کھانسی کی وجہ سے پریشان ہوں تو ایک پیالی انگور کے رس میں ایک چائے کا چمچہ شہد ملا کر پی لیں ۔دن میں دو مرتبہ کم از کم تین روز تک متواتر پییں۔
پیاز
کالی ،خشک وبلغمی کھانسی سے شفا یابی کے لیے دو عدد بڑے سائز کی پیاز،نصف کلو دودھ اور ایک کھانے کا چمچہ شہد لیں ۔پیاز چھیل کر چھلکے اتار لیں ۔دودھ کو کسی برتن میں ڈال کر گرم کریں اور اُس میں چھلی ہوئی پیاز ڈال دیں ۔
تھوڑی دیر بعد اسے چولھے سے اتار کر ٹھنڈا کرلیں ۔بعدازاں ایک کپ میں ڈال کر اس میں شہد ملا لیں ۔پیاز کھا کر اوپر سے دودھ پی لیں ۔
دو عدد پیاز آگ پر بھون لیں ۔جب ان کا بیرونی چھلکا جل کر کالا ہو جائے تو چھلکا اتار کر اندرونی حصہ رگڑ کر خوب باریک پیس لیں اور چھان کر اس کا پانی الگ نکال لیں ۔پھر اس میں ہم وزن شہد ملا لیں ۔یہ آمیزہ ایک چائے کا چمچہ صبح و شام پییں ۔
کھانسی میں افاقہ ہو گا۔
السی
کھانسی کے خاتمے کے لیے پچاس گرام السی کے بیجوں کو دو گلاس پانی میں ڈال کر اُبالیں اور اسے چمچے سے اس وقت تک ہلاتی رہیں ،جب تک گاڑھانہ ہو جائے۔اب اس میں ایک چائے کا چمچہ لیموں کا رس ملا کرپییں۔کالی کھانسی اور سینے میں بلغم کے اخراج کے لیے دو سے تین چائے کے چمچے السی کے بیج لیں۔
انھیں ایک کپ پانی میں ڈال کر اس وقت تک ابالیں ،جب تک پانی گاڑھانہ ہو جائے۔
پھر اس میں تین چائے کے چمچے شہد اور ایک عدد لیموں کا رس ملائیں ۔اسے صبح،دو پہر اور شام پییں ،دو سے تین دن میں افاقہ ہو گا۔
کالی مرچ
خشک اور بلغمی کھانسی سے چھٹکارے کے لیے صبح، دوپہر اور شام دو چائے کے چمچے شہد میں چار سے چھے دانے پسی ہوئی سیاہ مرچ ملا کر کھائیں ۔کالی مرچ بلغم کو حرکت میں لا کر اسے سینے سے اکھاڑ کر خارج کرتی ہے ۔بلغمی کھانسی میں کالی مرچ کی چائے بھی تیربہ ہدف نسخہ ہے۔ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی کالی مرچ اور دو چائے کے چمچوں کے برابر شہد ڈیڑھ کپ پانی میں ڈال کر اُبالیں ،جب اچھی طرح اُبل جائے تو اسے اتار کر پندرہ منٹ تک ڈھانپ کر رکھ دیں ۔پھر اسے چائے کی طرح پی لیں ۔یہ کھانسی کے خاتمے کے لیے بہترین نسخہ ہے ،لیکن خشک کھانسی میں اسے نہ پییں
No comments:
Post a Comment