اپنے بچوں کی ہڈیاں مضبوط بنانا چاہتے ہیں؟ تو ان کو جسمانی طور پر زیادہ متحرک رکھیں، اچھی نیند یقینی بنائیں اور زیادہ بیٹھنے نہ دیں۔
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی جس میں بچوں کے روزمرہ کے معمولات کا دورانیہ بتایا گیا ہے جو ہڈیوں کی صحت اور افعال کو بہترین بنانے میں مدد دیتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 11 سے 13 سال کی عمر کے 804 بچوں کو شامل کیا گیا تھا۔
یہ دنیا کی پہلی تحقیق ہے جس میں دریافت کیا گیا کہ بچوں کو معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں اور نیند کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے جبکہ بیٹھنے کا کم وقت ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
تحریر جاری ہے
تحقیق میں 24 گھنٹوں کے دورانیے میں بچوں کی سرگرمیوں کے مثالی توازن کو دریافت کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق ڈیڑھ گھنٹے تک معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیاں جیسے کھیل کود، ارگرد دوڑنا۔
3 گھنٹے 40 منٹ تک ہلکی جسمانی سرگرمیاں جیسے چلنا پھرنا اور گھر کے کام کرنا۔
8 گھنٹے 20 منٹ تک پڑھنے، اسکول میں بیٹھنے اور مطالعے جیسی سرگرمیاں۔
لگ بھگ 11 گھنٹے کی نیند۔
محققین کا کہنا تھا کہ اس دریافت سے والدین اور ماہرین کو قابل قدر معلومات حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو پہلے سے معلوم تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران بچوں کی سرگرمیاں ان کی ہڈیوں کی صحت کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں، مگر اب تک ہمیں ورزش، نیند اور بیٹھنے کے وقت کے مثالی امتزاج کا علم نہیں تھا۔
محققین کے مطابق اس تحقیق میں ہم نے جسمانی سرگرمیوں (ہلکی معتدل اور سخت)، بیٹھنے کے وقت اور نیند کو آپس میں جوڑنے والے عناصر کا جائزہ لیا اور دن بھر کے لیے ایک مثالی امتزاج دریافت کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جسمانی سرگرمیوں، نیند اور بیٹھنے کا دورانیہ درست ہونا ہی بچوں کی ہڈیوں کی صحت کو مثالی بناتا ہے، ہڈیوں کے حجم کا 90 فیصد حصہ 18 سے 20 سال کی عمر میں مکمل ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بچپن اور لڑکپن کی بہت اہمیت ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ بچپن سے ہی ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بڑھاپے میں ہڈیوں کے بھربھرے پن سے تحفظ کی کنجی ہے جو فریکچر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق سے نیند کی اہمیت خصوصاً لڑکوں کے لیے اس کی اہمیت بھی ظاہر ہوتی ہے، ہم ہمیشہ یہ بات کرتے ہیں کہ مناسب ورزش ہڈیوں کو بنانے میں مدد دیتی ہے، مگر مناسب نیند بھی اس کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ہڈیوں کی صحت کے لیے لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوں کے لیے نیند کی بہت زیادہ اہمیت ہے، گر درست توازن سے واقفیت سے والدین کے لیے بچوں کی ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے گی۔
No comments:
Post a Comment