Breaking

Sunday, 26 July 2020

میٹھی رسیلی ناشپاتی

اللہ تعالیٰ کی قدرت کے رنگ ہمیں دیگر بہت سی چیزوں کے
علاوہ پھلوں میں بھی نمایاں نظر آتے ہیں۔ہر پھل منفرد ذائقے،رنگ اور طبی خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔اسی طرح ایک ہی پھل کی متعدد قسمیں بھی ہوتی ہیں مثلاً ناشپاتی،سبز رنگ کی لمبوتری بھی ہوتی ہے،پیلے رنگ کی ناشپاتی،زردی مائل سبز ناشپاتی اور سرخی مائل بھی،ہمیں دکانوں اور ٹھیلوں پر جا بجا نظر آتی ہے۔
اس کی ایک اور قسم بگو گوشہ کہلاتی ہے۔ناشپاتی کی ہر قسم کی الگ خصوصیات ہیں۔باریک چھلکے والی ناشپاتی رسیلی اور میٹھی ہوتی ہے۔اسی طرح کشمیر میں پائی جانے والی ناشپاتی میں قدرت نے خاص لذت اور مٹھاس رکھی ہے۔
غذائیت سے بھر پور اس پھل میں شکر،فاسفورس،فولاد،وٹامن سی،پروٹین اور پوٹاشیم جیسے صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں۔
ناشپاتی کو چھلکے سمیت کھانا چاہئے تاکہ اس میں موجود اجزاء سے پورا پورا فائدہ اٹھایا جا سکے۔
ناشپاتی کے درخت کے پتے اور لکڑی بھی بطور دوا کام آتی ہے۔اس کے پھول خشک کرکے رکھ لئے جاتے ہیں جو دل کے لئے مفید ہیں اور زخموں کو خشک کرنے میں مدد دیتے ہیں۔اس کے درخت کا گوند بھی فائدہ مند اور بیج بھی دوائی اثرات رکھتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ناشپاتی دوسری چیزوں کو ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے لیکن خود دیر سے ہضم ہو تی ہے۔ناشپاتی کے طبی فوائد درج ذیل ہیں۔

معدے اور سانس کی بد بو
کچھ لوگوں کے منہ سے بد بو زیادہ آتی ہے اور وہ اس سے نجات کے لئے طرح طرح کے ماؤتھ واش استعمال کرتے ہیں۔میٹھی ناشپاتی کھانے سے مسوڑھوں سے خون نکلنا اور دانتوں کو ٹھنڈا گرم لگنا بند ہو جاتا ہے۔کچھ لوگوں کو قبض زیادہ رہتی ہے جس کا منہ سے بد بو کے ساتھ بھی تعلق ہے۔اگر آپ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد دو ناشپاتیاں چھلکوں سمیت کھا لیں تو اس سے قبض دور ہو گا،آنتیں صاف رہیں گی،کھانا جلد ہضم ہو گا،معدہ ٹھیک کام کرے گا اور منہ کی بدبو بھی دور ہو گی،دائمی قبض کی صورت میں ایک اور نسخہ بھی بڑا کارگر ہے۔
شام کو دو ناشپاتیاں چھلکے سمیت باریک کاٹ کر سلاد بنا لیں۔ان پر لیموں کا رس چھڑک کر ہلکا سا نمک ملا دیں۔یہ مزیدار چاٹ 15سے 20دن باقاعدگی سے کھالیں۔اس سے قبض دور ہو گا،ہاضمہ درست رہے گا،بھوک لگے گی اور چہرے کی زردی دور ہو گی۔جگر میں کمزوری کی صورت میں باقاعدہ علاج کے ساتھ ناشپاتی کو بھی غذا میں شامل رکھیں۔ایک درمیانے سائز کی ناشپاتی ناشتے کے تقریباً دو یا تین گھنٹے بعد کھائیں اور شام کو غروب آفتاب سے گھنٹہ بھر پہلے خالی پیٹ کھالیں۔
ایک یا دو میٹھی ناشپاتی روزانہ غذا میں شامل کرنے سے عمومی صحت بھی بہتر رہتی ہے۔
دل کا دوست پھل
کمزوری دور کرنے کے ساتھ ساتھ یہ خون میں کولیسٹرول کو کم کرتی ہے اس لئے بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کے لئے مفید ہے ،جو لوگ طویل بیماری سے صحت یاب ہوئے ہوں اور جسمانی کمزوری محسوس کرتے ہوں وہ بھی اس پھل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ناشپاتی کا مربہ کھانے سے دل کی گھبراہٹ کم ہوتی ہے۔
ناشپاتی سے چہرے کا نکھار
ناشپاتی سے تیل بھی کشید کیا جاتا ہے،جسے کریموں ،موئسچرائزر اور کلینرز میں ملا کر جلد پر استعمال کیا جاتا ہے۔یہ تیل جلد پر بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو روکتا اور اسے تروتازہ رکھتا ہے،اسے ہاتھ آئل،شیمپو اور دیگر مصنوعات میں بھی ڈالا جاتا ہے۔
اس کا شیمپو بالوں کو خوبصورت ،ملائم اور صحت مند رکھتا ہے اور بالوں کو گرنے سے روکتا ہے اور ان کی بہتر افزائش کرتا ہے۔
اپنی نائٹ کریم خود بنائیں
ایک درمیانے سائز کی ناشپاتی کو کدوکش کرکے اس کا رس نچوڑ لیں۔اسے ململ کے کپڑے سے نتھار کر ایک کپ بادام کے تیل میں ملا دیں۔اسے کانٹے سے خوب ہلائیں تاکہ اچھی طرح سے مل جائے،اب اس میں 10گرام سفید موم گرم کرکے ملائیں۔اگر تینوں چیزیں حل نہ ہوں تو اسے ہلکی آنچ پر گرم کرلیں،اسے کسی شیشی میں ڈال لیں اور روزانہ رات کو سوتے وقت لگائیں اور صبح نیم گرم پانی سے منہ دھولیں۔یہ خشک جلد کے لئے بہت مفید ہے۔

No comments:

Post a Comment